عمان:سینیٹر مشتاق احمد خان کو اسرائیلی قید سے رہا کردیا گیا۔
اس امر کا اعلان نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے کیا۔ نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سینٹر مشتاق احمد خان اس وقت اردن میں پاکستانی سفارت خانے میں موجود ہیں ان کی صحت بہتر اور حوصلے بلند ہیں۔
گلوبل صمود فلوٹیلا جو فلسطینیوں کی امداد کے لئے روانہ ہوا تھا سینیٹر مشتاق احمد خان اس میں موجود تھے اور انہیں اسرائیلی فوج نے گرفتار کرلیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق سینیٹر مشتاق احمد خان کے ہمراہ رہا ہونے والوں میں تیونس ، الجزائر اور مراکش کے شہری بھی شامل ہیں جنہیں اسرائیلی فوج نے اردن کے بارڈر پر اردنی سیکیورٹی فورسز کے حوالے کیا،
یادرہے گذشتہ روز اسرائیلی حکومت نے غزہ کے لیے امدادی سامان لے کر روانہ ہونے والے بحری قافلے ”گلوبل صمود فلوٹیلا“ سے گرفتار کیے گئے مزید 171 کارکنوں کو ملک بدر کر دیا ہ تھا، جن میں معروف ماحولیاتی کارکن گریٹا تھنبرگ بھی شامل تھیں تاہم سینٹر مشتاق احمد خان کورہائی نہ مل سکی ۔
اسرائیلی وزارت خارجہ کے مطابق، ڈی پورٹ کیے گئے افراد کو یونان اور سلوواکیہ منتقل کیا گیا ہے۔ فلوٹیلا کے ان کارکنوں کا تعلق یونان، اٹلی، فرانس، آئرلینڈ، سویڈن، پولینڈ، جرمنی، بلغاریہ، لیتھوانیا، آسٹریا، لکسمبرگ، فن لینڈ، ڈنمارک، سلوواکیہ، سوئٹزرلینڈ، ناروے، برطانیہ، سربیا اور امریکا سے ہے۔

