لاہور:(رپورٹ ملک ظہیر) لاہور پولیس نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت، جدید تفتیشی طریقہ کار اور انتھک محنت کے ذریعے دو افسوسناک ق ت ل کیسز کو حل کر کے نہ صرف مجرموں کو گرفتار کر لیا بلکہ متاثرہ خاندانوں کے لیے انصاف کی راہیں بھی ہموار کر دیں۔
لٹن روڈ کے علاقے میں سیکیورٹی سپروائزر محمد آصف کو بے دردی سے ہلاک کر دیا گیا تھا۔ اس دلخراش واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا اور ایس ایس پی محمد نوید نے ایس پی انویسٹی گیشن سول لائنز خالد سعید کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی۔ ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزم نے ذاتی رنجش کی بنیاد پر یہ اندوہناک واردات کی اور واردات کے بعد موقع سے فرار ہو گیا۔ تاہم پولیس نے ہیومن انٹیلیجنس اور بہترین حکمتِ عملی کے ذریعے ملزم کو گرفتار کر کے قانون کے حوالے کر دیا۔
اسی طرح رائیونڈ کے علاقے میں نوجوان شہری صابر کو فائرنگ کر کے ہلاک کرنے کا اندوہناک واقعہ پیش آیا۔ جس پر اس ٹیم نے رائیونڈ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا۔ تحقیقات کے مطابق معمولی تلخ کلامی کے بعد یہ افسوسناک واقعہ رونما ہوا۔ ملزم واردات کے بعد فرار ہو گیا تھا، تاہم پولیس نے پیشہ ورانہ مہارت اور ہیومن انٹیلیجنس کی مدد سے اسے گرفتار کر لیا۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے کہا پولیس پراسیکیوشن پارٹنرشپ کی بدولت گرفتار ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی تاکہ معاشرے میں امن قائم رہے۔

