اسلام آباد ، ریاض: پاکستان ، سعودی عرب سمیت مسلم ممالک نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشرق وسطی امن معاہدے کی حمایت کی ہے اوراسے خوش آئند قراردیا ہے
سعودی عرب، اردن، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا، پاکستان، ترکیہ، قطر اور مصر کے وزرائے خارجہ نے صدر ٹرمپ کے پیش کردہ غزہ میں امن اور جنگ کے خاتمے‘ کے منصوبے کی حمایت کی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس منصوبے کا اعلان اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں پیر کو کیا تھا۔
عرب اور دیگر مسلم ممالک کے وزرا کی جانب سے ایک مشترکہ بیان جاری کیا گیا ہے جس میں صدر ٹرمپ کی ’مخلصانہ کوششوں‘ کا خیرمقدم کیا گیا ہے اور خطے میں ان کی ’امن کا راستہ تلاش کرنے کی صلاحیت پر اعتماد کا اظہار کیا گیا ہے۔
وزرائے خارجہ نے قیام امن کے لیے واشنگٹن کے ساتھ مل کر کام کرنے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے متذکرہ تجویز کو ایک تصفیے کی طرف بڑھنے کا ایک جامع موقع بھی قرار دیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ منصوبہ استحکام کے لیے ایک فریم ورک فراہم کرتا ہے۔
پاکستان، سعودی عرب سمیت مسلم ممالک کی ٹرمپ مشرق وسطی امن منصوبے کی حمایت

