واشنگٹن :امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ آج وائٹ ہاؤس میں وزیرِاعظم شہباز شریف سے ملاقات کریں گے۔یہ متوقع ملاقات دونوں شہباز شریف اور ٹرمپ کے درمیان پہلی باضابطہ ملاقات ہوگی۔ امکان ہے کہ ملاقات میں آرمی چیف فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر بھی شرکت کرینگے
اہم ترین سفارتی پیشرفت
یاد رہے ملاقات ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب واشنگٹن اور اسلام آباد نے چند ہفتے قبل ایک تجارتی معاہدے کا اعلان کیا تھا، جو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں حالیہ بہتری کو اجاگر کرتا ہے۔یہ ملاقات ایک نہایت اہم سفارتی کوشش بھی قرار دی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق، خطے میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی، تجارت اور محصولات کے مسائل، نایاب معدنیات پر تعاون، اور انسدادِ دہشت گردی کے وسیع تر اشتراک جیسے امور دونوں رہنماؤں کی بات چیت کے ایجنڈے میں شامل ہیں۔
فوکس علاقائی استحکام اور پاک امریکا تعلقات پرہوگا
ذرائع کے مطابق، وفد ایسے معاملات بھی اٹھائے گا جنہیں ”باہمی دلچسپی‘‘ کے امور قرار دیا گیا ہے، جن میں علاقائی استحکام اور دوطرفہ تعلقات شامل ہیں۔امریکی محکمہ خارجہ کے ایک سینئر عہدیدار کا کہنا تھا کہ ہم انسدادِ دہشت گردی کے معاملات کے ساتھ ساتھ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کے حوالے سے کئی امور پر کام کر رہے ہیں۔صدر کا فوکس خطے میں امریکی مفادات کو آگے بڑھانے پر ہے، جس میں پاکستان اور اس کی حکومت کے رہنماؤں کے ساتھ روابط کو شامل کیا گیا ہے
امریکا کی پالیسی میں بڑی تبدیلی
ٹرمپ کے دور میں حالیہ مہینوں میں امریکا اور پاکستان کے تعلقات میں بہتری آئی ہے، اس سے قبل واشنگٹن کئی برسوں تک پاکستان کے حریف بھارت کو ایشیا میں چین کے اثر و رسوخ کے مقابلے میں توازن قائم رکھنے کے لیے اہم سمجھتا رہا تھا۔
غزہ جنگ کے خاتمے میں بھی پاکستان کا کردار اہم
ٹرمپ پہلے ہی پاکستان کے ساتھ تعلقات کی اہمیت کا اظہار کر چکے ہیں۔ شہباز شریف منگل کو اس اجلاس میں بھی شریک تھے جس میں ٹرمپ نے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے موقع پر مسلم اکثریتی ممالک کے رہنماؤں سے ملاقات کی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا اظہار اعتماد
رواں سال کے اوائل میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کی تھی۔ آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دعوت پر وائٹ ہاؤس میں ان کے ساتھ دوپہر کا کھانا کھایا تھا بعد ازاں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فیڈ مارشل عاصم منیر نے پاک بھارت جنگ روکنے میں اہم کردار ادا کیا اور میں پاکستان کے آرمی چیف عاصم منیر سے ملاقات کو اپنے لیے باعثِ اعزاز سمجھتا ہوں۔فیلڈ مارشل عاصم منیر ایک بہترین انسان اور متاثر کن شخصیت ہیں ۔
پاکستان کی جانب سے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی نوبیل انعام کے لئے نامزدگی
دوسری جانب اسلام آباد نے بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کم کرنے کی ٹرمپ کی کوششوں پر انہیں نوبیل امن انعام کے لیے نامزد کرنے کی کھل کر حمایت کی ہے۔
حکومتِ پاکستان کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق یہ فیصلہ پاکستان اور انڈیا کے مابین حالیہ جنگ کے دوران صدر ٹرمپ کی فیصلہ کن سفارتی مداخلت اور قائدانہ کردار کے اعتراف میں کیا گیا ہے۔
۔

