لاہور:لاہور ہائیکورٹ بار، لاہور بار اور دیگر وکلا تنظیموں نے صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری سمیت تمام صحافیوں کو ساتھ دینے کا اعلان کردیا۔
رپورٹ کے مطابق صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری، پنجاب یونین آف جرنلسٹ کے صدر نعیم حنیف، کورٹس جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے صدر محمد اشفاق کی قیادت میں صحافیوں کی بڑی تعداد نے پولیس اور ایف آئی اے کے رویہ کے خلاف لاہور ہائیکورٹ کے احاطہ میں احتجاج کیا۔
اس موقع پر سپریم کورٹ بار، پاکستان بار کونسل کے ممبر سینئر قانون دان احسن بھون، وائس چیئرمین پنجاب بار کونسل، صدر لاہور ہائیکورٹ بار آصف نسوانہ، صدر لاہور بار ایسویسی ایشن مبشر الرحمٰن چوہدری، سیکرٹری لاہور ہائیکورٹ بار فرخ الیاس چیمہ، ایڈووکیٹ اظہر صدیق، مرید بھٹہ سمیت قانونی ماہرین اور وکلا تنظیموں نے صحافتی برادری کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔
صدر پریس کلب ارشد انصاری نے تمام وکلا تنظیموں اور کورٹس جرنلسٹ ایسوسی ایشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ڈی آئی جی آپریشنز اختلاف رائے کو نہیں مانتے، پولیس صحافیوں کے گھروں پر چھاپے ماررہی ہے اور صحافیوں کی آواز دبانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پولیس اور ایف آئی اے والے سن لیں ہم کسی سے ڈرنے والے نہیں، ہم سچ بولتے رہیں گے، ہتھکڑٰیاں ہمارا زیور ہے۔انہوں نے کہا کہ 6 صحافیوں کو نیشنل کرائم ایجنسی نے نوٹس بھجوایا ہے جس کی مذمت کرتے ہیں۔
 
		
 
									 
					