اسلام آباد(خصوصی رپورٹر) ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف آئندہ ہفتے نیویارک میں ہونے والے 22 ستمبر سے شروع ہونے والے جنرل اسمبلی اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس میں پاکستان کے وفد کی قیادت کریں گے۔ اس موقع پر وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور چند منتخب مسلم رہنماؤں کے ساتھ ملاقات میں بھی شریک ہوں گے، جہاں علاقائی و عالمی امن و سلامتی پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم مسئلہ کشمیر اور فلسطین میں عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت، غزہ بحران، ماحولیاتی تبدیلی، دہشت گردی، اسلاموفوبیا اور پائیدار ترقی جیسے موضوعات اجاگر کریں گے۔شہباز شریف مختلف عالمی رہنماؤں اور اقوام متحدہ کے اعلیٰ حکام سے بھی ملاقات کریں گے جبکہ سلامتی کونسل، گلوبل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو اور کلائمٹ ایکشن جیسے اہم اجلاسوں میں شرکت کریں گے۔ترجمان نے کہا کہ وزیراعظم کی یہ شرکت پاکستان کے کثیرالجہتی نظام اور اقوام متحدہ سے وابستگی کو اجاگر کرے گی اور امن و ترقی کے عالمی مقاصد کے لیے پاکستان کے کردار کو نمایاں بنائے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف اقوام متحدہ اجلاس میں شرکت کریں گے، صدر ٹرمپ اور مسلم رہنماؤں سے ملاقات بھی متوقع

