اسلام آباد ( رپورٹ :یحیی ففیر )
ترجمان پاک فوج، ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان امریکا کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو نہایت اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔جرمن میڈیا ادارے کو دیے گئے ایک انٹرویو میں، جسے جمعہ کے روز پاکستانی چینلز پر نشر کیا گیا، لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کسی ایک ملک تک محدود نہیں، بلکہ تمام ممالک کے ساتھ متوازن تعلقات پر مبنی ہے۔ان سے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے امریکا کے دوروں کے بارے میں سوال کیا گیا تو ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ان دوروں کے نتیجے میں اسلام آباد اور واشنگٹن کے درمیان ہم آہنگی میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس کردار کو بھی سراہا جس کے تحت رواں سال مئی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے بعد جنگ بندی ممکن ہو سکی۔لیفتنٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا:”وقت کے ساتھ ہم نے امریکا کے ساتھ اپنی ہم آہنگیوں کو مزید بڑھایا ہے اور اختلافات کو بڑی مہارت سے سنبھالا ہے۔ کئی شعبوں میں مزید تعاون کے مواقع موجود ہیں اور ہم ان پر کام کر رہے ہیں۔”انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کے کسی ایک ملک سے تعلقات دوسرے ملک کے ساتھ تعلقات پر اثرانداز نہیں ہوتے۔ چین سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے چین سمیت دیگر ممالک کے ساتھ بھی تعمیری اور اسٹریٹجک تعلقات ہیں۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان اور امریکا کے درمیان تعاون کے امکانات پر بھی زور دیا۔ اس موقع پر انہوں نے امریکا کی جانب سے بلوچ علیحدگی پسند تنظیم مجید بریگیڈ کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیا۔


