پشاور: پاکستان تحریک انصاف نے پاک سعودی عرب اسٹرٹیجک دفاعی معاہد ے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں برادر ملکوں کے تعاون سے خطے اور دنیا میں امن استحکام اور خوشحالی آئے گی۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیخ وقاص ا کرم کی جانب سے سوشل میڈیا ایکس پر شائع شدہ پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ “پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) 17 ستمبر 2025 کو ریاض میں پاکستان اور مملکت سعودی عرب کے درمیان اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے (SMDA) پر دستخط کا خیرمقدم کرتی ہے۔“
“ہم اس پیش رفت کو پاکستان سعودی عرب تعلقات کی تاریخی گہرائی، اسلامی بھائی چارے، مشترکہ سٹریٹجک مفادات اور دیرینہ باہمی تعاون کی تصدیق کے طور پر تسلیم کرتے ہیں۔ دونوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی اور سیکورٹی تعاون کو مضبوط بنانا دوطرفہ اور علاقائی سلامتی اور استحکام میں مثبت کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔“
“چیئرمین عمران خان نے ہمیشہ پاکستان کا تصور ایک ایسے ملک کے طور پر کیا ہے جو مسلم دنیا کو متحد کرتا ہے، اقوام کے درمیان تعاون کو فروغ دیتا ہے اور امن کے امکانات کو آگے بڑھاتا ہے۔ لہٰذا پاکستان سعودی عرب کے ساتھ شراکت داری کو عظیم تر مسلم اتحاد اور اجتماعی سلامتی کی جانب ایک اہم قدم کے طور پر دیکھتا ہے کیونکہ ہر پاکستانی کے لیے حرمین الشریفین کا تقدس اور تحفظ ہمارے عقیدے کا بنیادی جزو ہے۔“
“PTI پاکستان کے لوگوں کو باخبر رکھتے ہوئے SMDA کی مزید تفصیلات کا پاکستان کے لوگوں کے ساتھ اشتراک کرنے کا منتظر ہے۔“
“پی ٹی آئی مملکت سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی سٹریٹجک شراکت داری کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتی ہے اور پاکستان کے عوام کے لیے مملکت کی مسلسل حمایت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ دونوں برادر ممالک کے درمیان بڑھے ہوئے تعاون سے نہ صرف ہمارے دونوں برادر ممالک بلکہ وسیع تر خطے اور دنیا کے لیے امن، استحکام اور خوشحالی آئے گی۔”
 
		
 
									 
					
