دبئی : آئی سی سی کے متنازعہ میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے مینجر اور ٹیم کے کپتان سے معذرت کر لی۔ ترجمان پی سی بی کے مطابق اینڈی پائی کرافٹ نے انڈیا پاکستان کے میچ میں دونوں ٹیموں کے کپتانوں کو مصافحہ کرنے سے منع کیا تھا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے اینڈی پائی کرافٹ کے اس عمل پر سخت رد عمل کا اظہار کیا تھا۔اینڈی پائی کرافٹ نے 14 ستمبر کے واقعے کو مس کمیونیکیشن کا نتیجہ قرار دے کر معذرت کی۔آئی سی سی نے 14 ستمبر کو میچ کے دوران کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کی انکوائری پر آمادگی کا اظہار کر دیا۔
اسی دوران پاکستان کرکٹ بورڈ نے اینڈی پائی کرافٹ کی ایک ویڈیو بھی جاری کی ہے جس میں پی سی بی کے مطابق آئی سی سی میچ ریفری پاکستانی کپتان اور ٹیم مینیجر سے معذرت کر رہے ہیں۔
اس سے قبل کرکٹ کی معروف ویب سائٹ ’کرک انفو‘ نے رپورٹ کیا تھا کہ پاکستانی ٹیم کو انتظامیہ کی جانب سے ہوٹل میں ہی رکنے کا کہا گیا تھا۔
ایشیا کپ کے گروپ مرحلے میں پاکستان متحدہ عرب امارات کے درمیان میچ آج (بدھ کو) دبئی میں کھیلا جا رہا ہے جسے پی سی بی نے آئی سی سی میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کی ’برطرفی‘ سے مشروط کیا تھا۔
تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے ایک بیان بتایا کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے طویل مشاورت کے بعد ٹیم کو ہوٹل سے دبئی سٹیڈیم روانہ ہونے کی ہدایت کی۔ انہوں نے پی سی بی کے سابق چئیرمین رمیز راجا اور نجم سیٹھی کو بھی مشاورت کے لئے مدعو کیا اور ان سے اس متنازع ایشو کے حوالےسے مشاورت کی۔

