نیویارک:قطر پر اسرائیل کے حملے کے بعد امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے قطر کے وزیراعظم سے نیویارک میں ملاقات کی ہے۔
قطری سفارتکار کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور قطر کے وزیر اعظم و وزیر خارجہ، شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم آل ثانی کے درمیان نیویارک میں جمعے کی شام (مقامی وقت کے مطابق) بہترین ملاقات ہوئی۔
قطر کے واشنگٹن میں نائب سفیر، حمد المفتاح نے آج (ہفتہ) ایکس پر اپنے اکاؤنٹ پر لکھا:”صدر کے ساتھ شاندار عشائیہ… ابھی ابھی ختم ہوا ہے!
ذرائع کاکہنا ہے کہ ٹرمپ اور آل ثانی کے درمیان ملاقات دو گھنٹے تک جاری رہی، جس میں متعدد معاملات پر گفتگو ہوئی، اور ماحول انتہائی خوشگوار رہا۔
ملاقات میں امریکی ایلچی اسٹیو وٹکوف بھی شریک تھے۔
اس سے قبل قطری وزیر اعظم نے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اور وزیر خارجہ مارکو روبیو سے بھی ملاقات کی، جسے مثبت قرار دیا گیا۔
قطری وزیر اعظم کا دورۂ امریکا ایسے وقت میں ہوا ہے جب چند روز قبل اسرائیل نے دوحہ میں ایک کمپلیکس پر حملہ کیا تھا، جہاں حماس کے رہنما جمع تھے تاکہ غزہ میں جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کے لیے امریکی تجویز پر غور کر سکیں۔

