ملتان : (حافظ نعیم سے)جلال پور پیر والا کی نواحی بستی بہاراں کے حفاظتی بلوچ واہ فلڈ بند میں اچانک شگاف ، ہنگامی انخلا شروع،وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر کمشنر ملتان اور ڈی سی ٹیمیں لیکر پہنچ گئے۔پاک فوج اور اریگیشن ٹیمیں بھی شگاف پر کرنے کے لئے پہنچ گئیں۔
انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کے اہلکار پانچ ممکنہ متاثرہ دیہات میں پہنچ گئے۔متاثرہ علاقوں میں انخلا کے لئے اعلانات
ریسکیو ٹیمیں گھروں کے دروازوں پر دستک دیکر لوگوں کو نکال رہی ہیں۔
قبل ازیں وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نےملتان اور جلال پور پیر والا کا فضائی جائزہ لیا اور سیلاب متاثرہ علاقوں کا مشاہدہ کیا۔
وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف نے فلڈ ریلیف کیمپ کا دورہ کیا اورسیلاب متاثرین سے ملاقات کی ، اس موقع پر انہوں نےبچوں کو اپنے ہاتھوں سے کھانا ڈال ڈال کر دیا بچوں کے چہروں پر خوشی کی لہر دوڑ گئی ۔
دوسری طرف وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر چھ شہروں میں ریسکیو آپریشن کے لئے مزید سامان پہنچ گیا۔ملتان ، مظفرگڑھ ، رحیم یار خان ،بہاولپوراور لودھراں کے لئے ریسکیو بوٹس اور دیگر امدادی سامان مہیا کردیا گیا ہے جبکہ یسکیو آپریشن کے لئے جنوبی پنجاب کے چھ شہروں میں مزید 119سے زائد بوٹ آپریٹر بھی تعینات کردئیے گئے ہیں۔
ملتان میں سیلاب متاثرین کے ریسکیو آپریشن کےلئے 108 بوٹس،109 ربڑ بوٹس اور 1130لائف جیکٹ پہنچ گئیں۔مظفرگڑھ میں ریسکیو آپریشن کے لئے 57 کشتیاں ، 53 ربڑ بوٹس ۔ اور 683 لائف جیکٹ مہیا کی گئیں۔رحیم یار خان میں فلڈ ریسکیو آپریشن کے لئے 47 کشتیاں ، 44ربڑ بوٹس ، 519 لائف جیکٹ فراہم کردی گئیں۔بہاولپور میں فلڈ ریسکیو آپریشن کے لئے 38 کشتیاں ، 40 ربڑ بوٹس ، اور 519 لائف جیکٹ دی گئیں۔لودھراں میں ریسکیو آپریشن کے لئے 19- کشتیاں ، 18 ربڑ بوٹس اور 546 لائف جیکٹ پہنچا دی گئیں۔


