لاہور:(حافظ نعیم سے) وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب میں گندم کی کوئی شا رٹیج نہیں،ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کرنے والے سلاخوں کے پیچھے ہوں گے۔
اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ گندم وافر مقدار میں موجود ہےگندم کی کمی کی چلنے والی خبریں بے بنیاد ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے خانیوال میں گندم ضائع ہونے پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے وزیراعلی پنجاب نے سیکرٹری فوڈ، ڈی جی فوڈ اور خانیوال میں عملے کو معطل کر دیا ہے۔گندم پنجاب کے عوام کی امانت ہےسرکاری گوداموں اور فلور ملز اور سٹاک میں پڑی گندم کا تحفظ متعلقہ افراد کی ذمہ داری ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کسی کو سیلاب کی آڑ میں آٹا یا روٹی مہنگی کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔وزیراعلی پنجاب نے تمام فلورز ملز ،آڑھتیوں اور گندم سٹاک کرنے والوں کو تین دن کی مہلت دی ہے۔تمام فلورز ملز اور گندم سٹاک کرنے والے تین دن میں اپنا سٹاک ڈکلیئر کرنے کے پابند ہیں۔اگر کوئی فلور ملز اور گندم سٹاک کرنے والے تین دن میں اپنا سٹاک ڈکلیئر نہیں کرتا تو اس کے خلاف سخت کاروائی ہوگی۔
 
		
 
									 
					