لاہور:( بیورو رپورٹ )نیشنل ایمر جنسیز آپریشن سینٹر نے جنوبی پنجاب  میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارشوں کی پیش گوئی کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
ادارے کے مطابق آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران پنجاب کے شہر بہاولپور، بہاولنگر، احمدپور، لیاقت پور، ظاہر پیر، راجن پور، خان پور، مظفرگڑھ، ڈی جی خان، رحیم یار خان اور صادق آباد میں شدید بارش متوقع ہے۔
ادارے نے انتباہ جاری کیا ہے کہ اس دوران شہری علاقوں میں سیلابی صورتحال جبکہ نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے جبکہ تیز ہوائیں اور طوفان کمزور درخت گرانے اور بجلی کا نظام متاثر کرنے کا باعث بن سکتے ہیں۔
ادارے کا کہنا ہے کہ بارش اور گردوغبار سے حد نگاہ متاثر ہونے پر ٹریفک حادثات کا خدشہ ہے لہذا عوام بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں، درختوں اور کمزور ڈھانچوں سے دور رہیں اور گاڑیوں کو محفوظ مقامات پر کھڑا کریں۔
دوسری طرف اے پی پی کے مطابق ڈی سی ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران چار لاکھ 14 ہزار کیوسک سے زائد پانی کی لہر ملتان کے حفاظتی بندوں سے ٹکرانے کا امکان ہے۔
 
		
 
									 
					
