قصور: پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ماننا چاہیے مریم نواز شریف سیلاب متاثرین کے لیے بہت محنت کررہی ہیں،ہمارے ہاں رسم بن چکی جو قدرتی آفات کے وقت متاثرہ لوگوں کی مدد کرتا اس پر ہم بڑھ چڑھ کر تنقید کرتے ہیں ۔
قصور میں سیلاب متاثرہ کسانوں اور شہریوں سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت ریلیف کا بہت کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو سب سے زیادہ کام کررہا ہوتا ہے اسے ہی سب سے زیادہ تنقید کانشانہ بنایا جاتا ہے میں نے یہ ماضی میں دیکھا ہے اور میرے ساتھ یہ ہوا ہے۔الیہ سیلاب سے کوئی بھی مقامی یا صوبائی حکومت مقابلہ نہیں کر سکتی، وفاق کو مزید تعاون کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ صوبہ پنجاب سیلاب سے سب سے زیادہ متاثر ہوا، یہاں پہنچنے کے بعد اندازہ ہوا کہ یہاں کتنی زیادہ تباہی ہوئی ہے، وفاق سے درخواست ہے کہ صوبے میں زرعی ایمرجنسی نافذ کر کے کسانوں کو بیچ اور کھاد کی مد میں سبسڈی فراہم کی جائے۔
انہوں نے کہا سیلاب متاثرہ علاقوں میں بہت تباہی نظر آرہی ہے زرعی ا یمرجنسی نافذ کرنی چاہئیے ، میں نے پاکستان پیپلز پارٹی کے نمائندے کو سختی سے پابند کیا ہے کہ آپ نے پنجاب کے کسانوں کا ساتھ دینا ہے ریلیف کارروائیوں میں ان کی مدد کرنی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے مقامی کسانوں کو یقین دلایا کہ بجلی اور قرضوں میں تعاون کے معاملے پر وزیراعظم شہباز شریف سے بات کریں گے، انہوں نے کہا کہ امید رکھتا ہوں کہ وزیراعظم آپ کی بات پر غور کریں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ریلیف کی کوششوں کے حوالے سے آج ملنے والی بریفنگ کے حوالے سے پاکستان پیپلز پارٹی چاہے کی کہ ازسر نو بحالی اور ریلیف کی کوششوں میں حکومت کی مکمل مدد کی جائے۔

