لاہور :لاہور میں ایک اور کروڑ پتی ٹک ٹاکرخرم گجر کے خلاف مقدمہ درج، سمندر پار پاکستانی کے 2 لاکھ یورو ہڑپ کرنے کے الزام میں مقدمہ درج ، پولیس نے گرفتار کرلیا۔
رپورٹ کے مطابق معروف ٹک ٹاکر اور سوشل میڈیا انفلوئنسر خرم گجر کو مبینہ فراڈ کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق خرم گجر پر الزام ہے کہ اُس نے رانا ارسلان نامی سمندر پار پاکستانی شہری سے کمرشل پلاٹ کی خریداری کا جھانسا دے کر اس سے دو لاکھ یورو جن کی پاکستانی کرنسی میں مالیت ساڑھے6 کروڑ بنتی ہے اینٹھ لئے مگر سالوں بعد بھی پلاٹ نہیں مل سکا اور اب خرم گجر رقم واپس کرنے سے بھی انکاری ہے۔
رانا ارسلان کے رقم مانگنے پر خرم گجر نے مبینہ طور پر سنگین دھمکیاں بھی دیں۔ اس پر رانا ارسلان نے تھانہ ڈیفنس سی میں مقدمہ درج کروایا جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے خرم گجر کو دھمکیاں دینے اور امانت میں خیانت کے الزامات کے تحت حراست میں لے لیا۔
یادرہے خرم گجر ٹک ٹاک پر ڈیفنس میں اپنے عالی شان گھر کی نمائش کے علاوہ پالتو شیروں، ہیوی بائیکس ، قیمتی کاروں کی نمائش کرکے نوجوان نسل میں مقبولیت حاصل کرچکا ہے جبکہ وہ اکثر نوجوانوں کو اپنا گرویدہ بنانے کے لئے ان میں رقوم بھی تقسیم کرتا رہتا ہے۔

