اوکاڑہ :(رپورٹ سلیم کاٹھیا) آن لائن بزنس کا جھانسا دے کر کمپنی سادہ لوح شہریوں کا کروڑوں لوٹ کر غائب ۔۔ مشتعل شہریوں نے دفتر پر دھاوا بول کرلوٹ لیا۔ چھوٹے ملازمین پولیس کے ہاتھوں گرفتار۔۔
رپورٹ کے مطابقITVنامی کمپنی نے اوکاڑہ سٹی جی ٹی روڈ پر عالیشان آفس کھول کر لوگوں کو ایک ہفتے میں پیسے دگنے کرنے کا جھانسا دیا اور شہری حسب معمول اس چکر پھنس گئے۔
سکول کالجز کے طلبا سے لے کر کیا سبزی فروش اور کیا جنرل اسٹوروالے۔۔۔ ۔ کیا گھریلو خواتین اور سرکاری ملازمین اور کیا دیہاڑی دار۔۔ اوورسیز پاکستانی تک سب اس گورکھ دھندے کا حصہ بنے جبکہ سرمایہ کاری کی جانے والی رقوم 4 ہزار روپے فی کس سے لے کر 10 لاکھ روپے تک بتائی جارہی ہیں۔
کمپنی کے فرڈائیے مالکان نے سرمایہ کاری پلان اناؤنس کررکھے تھے ابتدائی پلان کی مالیت3900 روپے بتائی جاتی ہے دوسرا پلان 18000 روپے کا تھا تیسرا پیکج 32000 روپے کا تھا۔ یہ لوئر اور مڈل کلاس شہریوں کے لئے سرمایہ کاری پیکج تھے جبکہ اوورسیز اور کھاتے پیتے افراد کے لئے پیکجز کی مالیت شروع ہی 7 لاکھ سے ہوتی تھی ، اکثر افراد نے مل کردو اوراس سے بھی زائد پیکجز لے رکھے تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کئی اوور سیز پاکستانی اوکاڑہ کے رہائشیوں نے پرکشش منافع کی آس میں ڈالرز میں انوسٹمنٹ کررکھی تھی ۔
26 اگست کو کمپنی نے شہریوں کے لئے 3 گنا بونس یا منافع کااعلان کررکھا تھا، جب شہری آن لائن پیسے نکلوانے کی ناکام کوشش کے بعد کمپنی کے جی ٹی روڈ پر واقع دفتر پہنچے تو دفتر بند تھا جس پر مشتعل شہریوں نے دھاوا بول دیا اوردفتر سے جس کے ہاتھ جو لگا وہ لے کر رفو چکر ہوگیا ۔ کسی نے کرسیاں اٹھائیں کو کوئی اے سی اٹھا لے گیا حتی کے دفترمیں پڑے ہوئے آرائشی پودے تک نہیں چھوڑے گئے۔
پولیس نے واقعہ کے چھان بین شروع کرکے دفتر کے دو ادنی درجے کے ملازمین کو ان کے گھروں سے چھاپا مار کر گرفتار کرلیا ہے جبکہ کمپنی کا فراڈیا ایم ڈی اور خواتین عہدیدار غائب ہوچکی ہیں۔



