پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما حماد اظہر نے ضمنی الیکشن نہ لڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اکلوتا بیٹا ہونے کے ناطے نہیں چاہتا میری ماں ایک اور صدمے سے گزریں۔
سوشل میڈیا سائٹ ایکس‘(سابق ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں حماد اظہر نے اپنے والد اور سابق گورنر پنجاب میاں محمد اظہر کے انتقال کے باعث خالی ہونے والی نشست این اے – 129 سے ضمنی انتخاب نہ لڑنے کا اعلان کر دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ میرا فارم 47 والی پارلیمنٹ کا حصہ بننے کا کوئی ارادہ نہیں، جو جعلی اراکین سے بھری ہوئی ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پچھلی بار جب میرے 82 سالہ والد نے الیکشن لڑا تھا تو انہیں پولیس نے ہراساں کیا، انہیں گرفتار کیا گیا اور گھر پر بار بار توڑ پھوڑ کی گئی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ خاندان کے اکلوتے بیٹے اور واحد مرد وارث ہونے کے ناطے وہ نہیں چاہتے کہ ان کی ماں ایک اور صدمے سے گزریں۔
حماد اظہر نے بتایا کہ والدہ کی ہدایت پر انہوں نے اپنے کزن چوہدری ارسلان ظہیر کو اپنی جگہ الیکشن لڑنے کے لیے نامزد کیا ہے، اگر پارٹی میرے حلقے میں الیکشن کے بائیکاٹ کا فیصلہ نہیں کرتی تو وہ جانشین ہوں گے۔


