بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے قومی اسمبلی میں محمود خان اچکزئی کو اپوزیشن لیڈر نامزد کر دیا، جبکہ اعظم خان سواتی کو سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر نامزد کیا ہے۔
اسلام آباد میں سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجا نے تصدیق کی ہے کہ عمران خان نے عمر ایوب کی جگہ قومی اسمبلی میں محمود خان اچکزئی جب کہ شبلی فراز کی جگہ سینیٹ میں اعظم سواتی کو اپوزیشن لیڈر نامزد کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خان صاحب نے ضمنی انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کی صوابدید پر چھوڑ دیا ہے، سیاسی کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا، جس میں کمیٹی کے ارکان فیصلہ کریں گے کہ آئندہ ملک بھر میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں حصہ لیا جائے یا نہیں۔
سلمان اکرم راجا نے کہا کہ عمران خان نے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے لیے 5 نام طلب کیے ہیں، جن میں ایک کا انتخاب وہ خود کریں گے اور اسے ہی اپوزیشن لیڈر نامزد کیا جائے گا۔

