مری (نمائندہ خصوصی) مری گلیات مین روڈ پر چھانگلہ گلی کے قریب شدید لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہ کا بڑا حصہ متاثر ہوگیا ہے، جس سے ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ صورتحال کے پیش نظر کسی بھی وقت مری گلیات مین روڈ کو ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند کیے جانے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ زیر نظر ویڈیو میں مری موٹر وے کے حالات دیکھے جاسکتے ہیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق لینڈ سلائیڈنگ کی بڑی وجہ علاقے میں ہونے والی غیرقانونی تعمیرات ہیں جنہوں نے قدرتی ڈھلوان اور زمین کی ساخت کو شدید نقصان پہنچایا۔ لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں قریبی عمارتیں بھی خطرے کی زد میں ہیں، جبکہ چھانگلہ گلی کے نزدیک قائم ایک پٹرول پمپ کو بھی شدید خطرات لاحق ہیں۔
ادھر عوامی حلقوں کی جانب سے شدید احتجاج سامنے آیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ غیرقانونی تعمیرات اور انتظامیہ کی غفلت نے اس علاقے کو خطرناک صورتحال سے دوچار کر دیا ہے۔ عوامی نمائندوں اور سماجی تنظیموں نے فوری اقدامات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر بروقت حفاظتی انتظامات نہ کیے گئے تو کسی بڑے سانحے کو ٹالا نہیں جا سکے گا۔
ضلعی انتظامیہ نے متعلقہ اداروں کو ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے جبکہ ٹریفک پولیس نے شہریوں کو متبادل راستے استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔

