بہار: بھارتی ریاست اتر پردیش کے علاقے فتح پور سیکری میں واقع 200 سال پرانا نواب عبدالصمد کے مقبرے کو بھی مندر میں بدلنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں ۔ ہندو انتہاپسندوں نے دھاوا بول کر قبریں مسمار کردیں، علاقے میں کشیدگی ۔
رپورٹ کے مطابق ہندوتوا تنظیموں کے ارکان نے احاطے میں موجود بزرگان دین کی قبریں تباہ کردی اور نواب کے مقبرے میں پوجا پاٹھ کرتے رہے جبکہ پولیس خاموش تماشائی بنی رہی ۔ انتہا پسند کارکنوں نے مقبرے کے گنبد پر زعفرانی پرچم لہرا دیا۔
اس واقعہ کی ویڈیوز بھی سامنے آئی ہیں، جس میں کئی لوگ مقبرہ کے اوپر چڑھے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ کچھ ویڈیوز میں مزار کو پتھر سے توڑنے کی کوشش کرتے لوگ بھی نظر آ رہے ہیں۔
علاقہ میں پولیس کی کثیر تعداد تعینات کر دی گئی ہے۔ ضلع مجسٹریٹ اور پولیس سپرنٹنڈنٹ بھی جائے وقوع پر پہنچ گئے۔
۔ بی جے پی ضلع صدر مکھ لال پال کا کہنا ہے کہ یہاں پر پہلے مقبرہ نہیں تھا، بلکہ بھگوان شیو اور ٹھاکر جی کا مندر تھا۔ اب ہندو تنظیموں کا مطالبہ ہے کہ ان کو یہاں پوجا کرنے کی اجازت دی جائے۔

