انقرہ: ترکیہ کے مغربی صوبے بالیکیسر اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں 6.1 شدت کا ایک شدید زلزلہ آیا جس کے جھٹکے استنبول اور ازمیر جیسے بڑے شہروں میں بھی محسوس کیے گئے۔ اس زلزلے کے نتیجے میں متعدد عمارتیں منہدم ہو گئیں اور کچھ جانی نقصان کی بھی اطلاعات ہیں۔
ترکیہ کی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (AFAD) کے مطابق، یہ زلزلہ صوبہ بالیکیسر کے ضلع سندرگی میں رات 7:53 بجے (مقامی وقت) آیا، جس کی گہرائی 11 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کے بعد، کئی آفٹر شاکس بھی ریکارڈ کیے گئے جن کی شدت 3 سے 5 کے درمیان تھی۔
سندرگی کے میئر کے مطابق، ایک عمارت کے ملبے سے ایک 81 سالہ خاتون کو زندہ نکال لیا گیا تھا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی۔ اس کے علاوہ کم از کم 29 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
ترکیہ کے وزیر داخلہ علی یرلیکایا نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں نقصان کا جائزہ لے رہی ہیں۔ انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ نقصان پہنچنے والی عمارتوں میں داخل نہ ہوں۔
واضح رہے کہ ترکیہ فالٹ لائنز پر واقع ہونے کی وجہ سے اکثر زلزلوں کا شکار رہتا ہے۔ سنہ 2023 میں بھی ایک تباہ کن زلزلے میں ہزاروں افراد ہلاک ہوئے تھے۔

