لاہور (بے نقاب رپورٹ )واٹس ایپ نے 2025 کی پہلی ششماہی میں بڑا دھماکہ کر دیا ۔واٹس ایپ نے 68 لاکھ ایسے اکاؤنٹس بند کیے جو دنیا بھر میں دھوکہ دہی میں ملوث گروہوں سے وابستہ تھے۔ میٹا کے مطابق زیادہ تر اکاؤنٹس جنوب مشرقی ایشیا کے مجرمانہ نیٹ ورکس سے تعلق رکھتے تھے جو جبری مشقت سے فراڈ کرواتے ہیں۔یہ اقدام واٹس ایپ کے نئے اینٹی اسکیم فیچرز کے ساتھ کیا گیا جن کے تحت صارف کو خبردار کیا جاتا ہے اگر اسے کسی غیر متعلقہ گروپ میں شامل کیا جائے۔ ان فیچرز کا مقصد جعلی سرمایہ کاری یا دیگر فراڈ گروپس میں شامل کرنے جیسے ہتھکنڈوں کو روکنا ہے۔ایک کیس میں، واٹس ایپ، میٹا اور اوپن اے آئی نے مل کر کمبوڈیا میں ایک فراڈی گروپ کو بے نقاب کیا ۔جو جعلی رینٹ اے سکوٹر اسکیم چلا رہا تھا۔ اس گروہ نے چیٹ جی پی ٹی سے دھوکہ دہی کے لیے ہدایات تیار کیں اور سوشل میڈیا کے ذریعے لوگوں کو پھنسایا۔میٹا نے واضح کیا کہ اکثر فراڈ اسکیمز میں صارف سے پہلے ادائیگی مانگی جاتی ہے، جو خطرے کی علامت ہے۔ برطانیہ کی صارفین کی تنظیم Which? نے اس اقدام کو سراہا لیکن زور دیا کہ میٹا کو فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ پر ایسے فراڈز روکنے کے لیے مزید کام کرنا ہوگا۔جنوب مشرقی ایشیا میں موجود اسکیم سینٹرز ہر سال اربوں ڈالر کا فراڈ کرتے ہیں اور بعض اوقات لوگوں کو نوکری کا جھانسہ دے کر جبراً ان کاموں میں ملوث کیا جاتا ہے۔ مقامی حکومتیں اور پولیس عوام کو واٹس ایپ کی دو مرحلوں والی توثیق سمیت حفاظتی اقدامات اپنانے کی ہدایت دے رہی ہیں۔