مانیٹرنگ ڈیسک :بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ وہ ملک کے کسانوں کے مفادات پر سمجھوتہ نہیں کریں گے چاہے انہیں بھاری قیمت چُکانا پڑے۔
بی بی سی کے مطابق نریندر مودی کا یہ بیان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے انڈیا پر 50 فیصد ٹیرف عائد کیے جانے کے صدارتی حکم نامے کے بعد سامنے آیا ہے۔
نئی دہلی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انڈین وزیراعظم نے کہا کہ ’ہمارے لیے، ہمارے کسانوں کی فلاح و بہبود سب سے مقدّم ہے۔ انڈیا اپنے کسانوں، ڈیری سیکٹر اور ماہی گیروں کی بہتری پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’میں ذاتی طور پر یہ جانتا ہوں کہ مجھے اس کی بھاری قیمت ادا کرنا پڑے گی۔‘
اگرچہ مودی نے واضح طور پر امریکہ یا ناکام ہو جانے والے تجارتی مذاکرات کا تذکرہ نہیں کیا تاہم ان کے تبصروں سے انڈیا کی پوزیشن واضح ہو گئی ہے۔