بنگلا دیش میں عام انتخابات 2026 کے فروری میں کرانے کا اعلان
لاہور(خصوصی رپورٹ )بنگلا دیش کے عبوری سربراہ محمد یونس نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں اگلے عام انتخابات 2026 کے فروری میں منعقد کیے جائیں گے۔ ان کے مطابق، اس حوالے سے باضابطہ تجویز الیکشن کمیشن کو بھیجی جائے گی۔
یہ اعلان سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کی حکومت کے خاتمے کے ایک سال مکمل ہونے پر کیا گیا۔ محمد یونس نے قوم سے خطاب میں کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ انتخابات رمضان المبارک سے قبل مکمل ہو جائیں تاکہ جمہوری عمل میں کوئی خلل نہ آئے۔
انہوں نے کہا کہ وہ خود چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ کر انتخابات کی تجویز دیں گے، لیکن حتمی تاریخ الیکشن کمیشن طے کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک اب "انتقال اقتدار” کے اہم مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔

