پی ٹی آئی کی جانب سے سابق وزیرِاعظم اور بانی چیئرمین عمران خان کی اپیل پر لاہور میں نکالی گئی ریلی کے دوران پولیس نے کئی اہم رہنماؤں کو حراست میں لے لیا۔
ذرائع کے مطابق، لاہور میں پارٹی رہنماؤں اور اراکین اسمبلی کی جانب سے احتجاجی مارچ کیا جا رہا تھا جب پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے رکنِ صوبائی اسمبلی شعیب امیر اور ڈپٹی اپوزیشن لیڈر معین قریشی کو گرفتار کر لیا۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کے دیگر کئی ارکانِ اسمبلی کو بھی زیرِ حراست لیا گیا۔
پارٹی ذرائع کے مطابق، اب تک 6 سے زائد ایم پی ایز اور تقریباً 300 کارکنان کو لاہور سے گرفتار کیا جا چکا ہے۔ اطلاعات کے مطابق، رکن اسمبلی فرخ جاوید مون نے الزام لگایا کہ پولیس نے ریلی کے شرکاء پر تشدد کیا، گاڑیوں کے شیشے توڑے اور اراکین کو زدوکوب بھی کیا۔پی ٹی آئی کارکن چھاپوں کے خوف سے پنجاب اسمبلی کے احاطے میں محصور ہو کر رہ گئے تھے۔
گرفتار ہونے والوں میں معین قریشی، شعیب امیر، فرخ جاوید مون، کرنل (ر) شعیب، ندیم صادق ڈوگر، خواجہ صلاح الدین، امین اللہ خان، اور اقبال خٹک شامل ہیں۔

