یومِ استحصال کشمیر کے موقع پر پاکستان کی مسلح افواج نے بھارت کے زیرِ قبضہ جموں و کشمیر کے عوام سے اپنی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کیا ہے۔
اعلامیے میں بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر پر مسلسل غیر قانونی قبضے، سخت محاصرے، انسانی حقوق کی منظم پامالی اور آبادیاتی تناسب میں تبدیلی جیسے اقدامات کو عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے۔ مسلح افواج نے کہا ہے کہ یہ اقدامات نہ صرف کشمیری عوام کے لیے ایک انسانی المیہ ہیں بلکہ خطے میں امن و استحکام کے لیے بھی خطرناک ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، نیول چیف، ایئر چیف اور پوری مسلح افواج نے کشمیریوں کے جائز اور مسلسل جاری جدوجہدِ آزادی کی مکمل حمایت کا اظہار کیا ہے۔ یہ جدوجہد اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کے تحت کشمیری عوام کا ناقابلِ تنسیخ حق ہے۔

