وزیراعظم شہباز شریف نے گلگت بلتستان میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ آبادیوں کی بحالی کے لیے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مواصلاتی روابط کو ترجیحی بنیادوں پر بحال کیا جائے اور این ڈی ایم اے صوبائی حکومت کو ہر ممکن معاونت فراہم کرے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ مقامی آبادیوں کو قدرتی پانی کی گزرگاہوں سے دور آباد کیا جائے اور ہنگامی صورتحال میں فوری ریسکیو اور امداد کے لیے ایک جامع نظام تشکیل دیا جائے۔
یہ ہدایات انہوں نے گلگت بلتستان میں مون سون اور سیلابی صورتحال سے پیدا ہونے والے نقصانات اور امدادی کارروائیوں کا جائزہ اجلاس کی صدارت کے دوران دیں۔ اجلاس میں وفاقی وزراء، مشیران، گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان گلبر خان، چیئرمین این ڈی ایم اے انعام حیدر ملک اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔
وزیراعظم نے متاثرہ علاقوں میں جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا عالمی موسمیاتی تبدیلی میں حصہ نہ ہونے کے برابر ہے، لیکن اس کے مضر اثرات سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں پاکستان شامل ہے۔

