اسلام آباد:
پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی تعلقات میں ایک اہم پیشرفت ہوئی ہے، جس میں ایس آئی ایف سی کی معاونت سے دونوں ممالک کے درمیان اہم تجارتی معاہدہ طے پایا ہے۔ اس معاہدے کے مطابق، امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکا پاکستان کے تیل کے وسیع ذخائر کی تلاش اور ترقی میں تعاون فراہم کرے گا۔
پاکستان کی سب سے بڑی آئل ریفائننگ کمپنی Cnergyico اور امریکی کمپنی Vitol کے درمیان ہونے والا معاہدہ پاکستانی مصنوعات کو امریکی مارکیٹس تک رسائی فراہم کرے گا۔ اس معاہدے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری میں اضافے کے ساتھ ساتھ باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینا ہے۔ اس کے نتیجے میں، پاکستانی برآمدات پر امریکی منڈیوں میں عائد محصولات میں کمی آئے گی۔
اس معاہدے کی بدولت توانائی، معدنیات، آئی ٹی اور کرپٹو کرنسی کے شعبوں میں اقتصادی تعاون کے نئے دروازے کھلیں گے۔ Cnergyico کی روزانہ ریفائنری پروسیسنگ صلاحیت ایک لاکھ 56 ہزار بیرل ہے، اور آئندہ پانچ سالوں میں ریفائنری کو اپ گریڈ کرنے اور دوسرا آف شور ٹرمینل قائم کرنے کے منصوبے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔

