بیجنگ :پاکستان نے جدید ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ کامیابی سے خلا میں بھیج دیا ہے۔
یہ ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ پاکستان سپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) نے چین میں ژیچانگ سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے خلا میں بھیجا ہے۔
پاکستان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق، لانچ کے موقع پر وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال، سپارکو کے ماہرین اور سائنسدان بھی لانچ سینٹر میں موجود تھے۔
یہ سیٹلائٹ پاکستان کے خلائی وژن 2047 کے تحت لانچ کیا گیا ہے۔
اے پی پی کے مطابق، جدید ترین امیجنگ سسٹمز سے لیس سیٹلائٹ زراعت اور شہری منصوبہ بندی سے لے کر ماحولیاتی نگرانی اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ تک مختلف منصوبوں میں مدد فراہم کرے گا۔
امیجنگ سیٹلائٹ قومی ترقیاتی پروگراموں جیسے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت بنیادی ڈھانچے کی منصوبہ بندی اور جغرافیائی نقشہ سازی میں بھی مدد کرے گا۔
اس کے علاوہ، یہ سیٹلائٹ سیلاب، زلزلوں، لینڈ سلائیڈنگ، گلیشیئر کے پگھلنے اور جنگلات کی کٹائی کے اثرات کی پیش گوئی اور تخفیف بھی مددگار ثابت ہو گا۔

