لندن : یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب کی سب سے بڑی آئل ریفائنری پر حملے کے دعوے اور آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کے بارودی سرنگوں سے ٹکرانے کے واقعات کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔
عالمی مارکیٹ میں مشرقِ وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال اور تیل کی ترسیل متاثر ہونے کے خدشات نے سرمایہ کاروں کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔
ابتدائی ایشیائی کاروبار کے دوران برینٹ خام تیل 10 سینٹ اضافے کے بعد 94 ڈالر 71 سینٹ فی بیرل کی سطح پر پہنچ گیا، جبکہ امریکی خام تیل (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت 35 سینٹ اضافے سے 84 ڈالر 3 سینٹ فی بیرل تک جا پہنچی۔
گزشتہ روز بھی قیمتوں میں نمایاں تیزی دیکھی گئی
مارکیٹ اعداد و شمار کے مطابق اس سے قبل بدھ کے روز بھی عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں شدید تیزی ریکارڈ کی گئی تھی، جس کے دوران برینٹ خام تیل کی قیمت میں ساڑھے تین فیصد جبکہ امریکی خام تیل میں دو فیصد تک اضافہ دیکھا گیا تھا۔


