ویب ڈیسک
طبی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ دل کی بیماریاں ہمیشہ سینے میں شدید درد کی صورت میں ظاہر نہیں ہوتیں بلکہ بعض اوقات ایسی خاموش اور بظاہر معمولی علامات سامنے آتی ہیں جنہیں لوگ روزمرہ کی مصروفیات، تھکن یا معدے کا عام مسئلہ سمجھ کر نظر انداز کر دیتے ہیں، جو بعد ازاں جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے۔
ماہرینِ صحت کے مطابق دل کے امراض کی پانچ نمایاں خاموش علامات درج ذیل ہیں:
غیر معمولی تھکاوٹ اور کمزوری: مناسب آرام اور نیند کے باوجود مسلسل تھکن یا سیڑھیاں چڑھنے اور ہلکا پھلکا سامان اٹھانے جیسے معمولی کاموں میں دشواری محسوس ہونا دل کی کمزور پمپنگ کی علامت ہو سکتا ہے، جس کے باعث پٹھوں کو درکار آکسیجن پوری طرح نہیں مل پاتی۔
ہلکی سرگرمی کے دوران سانس پھولنا: معمول کی چہل قدمی یا لیٹتے وقت سانس لینے میں دشواری کو محض بڑھتی عمر یا وزن میں اضافے کا نتیجہ سمجھنا درست نہیں۔ جب دل خون مؤثر انداز میں پمپ نہیں کر پاتا تو پھیپھڑوں کی شریانوں میں دباؤ بڑھنے سے سانس پھولنے کی شکایت پیدا ہو سکتی ہے۔
پیروں، ٹخنوں اور پنڈلیوں میں سوجن: شام کے وقت پیروں یا ٹخنوں میں سوجن یا جوتوں کا تنگ محسوس ہونا اس بات کا اشارہ ہو سکتا ہے کہ جسم کے نچلے حصے سے خون کی واپسی سست پڑ گئی ہے اور ٹشوز میں سیال جمع ہو رہا ہے۔
جبڑے، گردن، کمر یا بائیں بازو میں درد: دل کی شریانوں میں تنگی یا دورے کی تکلیف صرف سینے تک محدود نہیں رہتی بلکہ جبڑے، گلے، گردن، کمر کے اوپری حصے یا بائیں بازو کی جانب بھی منتقل ہو سکتی ہے۔ ماہرین کے مطابق خواتین میں سینے کے درد کے بجائے کمر یا جبڑے میں دباؤ اور درد زیادہ عام دیکھا جاتا ہے۔
بدہضمی، متلی یا سینے میں جلن: بلاوجہ بار بار بدہضمی، متلی، پیٹ کے اوپری حصے میں بھاری پن یا تیزابیت جیسی کیفیت اگر ٹھنڈے پسینے یا چکر آنے کے ساتھ ہو تو یہ دل کی تکلیف کی علامت ہو سکتی ہے۔ ذیابیطس کے مریضوں میں اعصابی کمزوری کے باعث دل کا درد اکثر معدے کی خرابی جیسا محسوس ہوتا ہے۔
طبی ماہرین نے مشورہ دیا ہے کہ اگر کسی فرد میں یہ علامات بار بار یا مسلسل ظاہر ہوں—خصوصاً بلڈ پریشر، ذیابیطس یا ہائی کولیسٹرول کی تاریخ موجود ہو—تو فوری طور پر ماہرِ امراضِ قلب سے معائنہ کروایا جائے تاکہ بروقت علاج سے سنگین خطرات سے بچا جا سکے۔


