عمرکوٹ (بیورو چیف: ڈاکٹر ایم لال واگھانی)

تھرپارکر کے علاقے چیلھار میں زمین کے تنازعے پر مبینہ طور پر قتل کیے گئے دو نوجوانوں سریش کمار اور لو کمار کے قاتلوں کی گرفتاری کے لیے سامارو میں پرامن احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔مظاہرے میں میگھواڑ پنچایت سامارو، عوامی آواز میڈیا سینٹر کے ارکان، سیاسی و سماجی رہنماؤں اور شہریوں نے شرکت کی۔ شرکاء نے سامارو پریس کلب اور نیشنل پریس کلب کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پر مقتولین کے لیے انصاف اور ملزمان کی فوری گرفتاری کے مطالبات درج تھے۔
مظاہرین نے ملزمان کے خلاف اور انصاف کی فراہمی کے حق میں شدید نعرے بازی کی۔ شرکاء اور رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ سریش کمار اور لو کمار کے قتل میں ملوث تمام ملزمان کو فی الفور گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور انہیں قرار واقعی سزا دی جائے۔


