پاکپتن (بے نقاب نیوز) پاکپتن میں تیز رفتاری نے ایک بار پھر دو گھروں کے چراغ گل کر دیے۔ کچہری روڈ پر دو موٹر سائیکلوں کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں کمسن لڑکے سمیت دو افراد جاں بحق جبکہ ایک نوجوان شدید زخمی ہو گیا۔
افسوسناک حادثہ پاکپتن کے علاقے کچہری روڈ پر کالونی ایریا اسکول کے قریب پیش آیا، جہاں دو سگے بھائیوں کی موٹر سائیکل اور سامنے سے آنے والے موٹر سائیکل سوار کے درمیان شدید ٹکر ہو گئی۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ فرید نگر پولیس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور تمام زخمیوں کو تشویشناک حالت میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر (ڈی ایچ کیو) ہسپتال منتقل کیا۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق دو زخمی سر پر شدید چوٹیں آنے اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں محلہ اختر آباد کا رہائشی چالیس سالہ غلام فرید ولد مرتضیٰ اور خیان کالونی کا رہائشی تیرہ سے چودہ سالہ عبدالرافع ولد محمد سلیم (قوم وٹو) شامل ہیں۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والے عبدالرافع کا دوسرا سگا بھائی شدید زخمی حالت میں ڈی ایچ کیو ہسپتال میں زیرِ علاج ہے، جہاں اسے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ مقامی شہریوں اور عینی شاہدین کے مطابق حادثہ تیز رفتاری اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے باعث پیش آیا۔


