نیویارک :امریکی حصص بازار اور کرپٹو کرنسی مارکیٹ میں شدید مندی اور فروخت کے دباؤ نے سرمایہ کاروں کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ مصنوعی ذہانت (AI) کے شعبے کے مستقبل پر بڑھتے ہوئے شکوک و شبہات اور شرح سود میں مزید اضافے کی توقعات کے باعث عالمی مالیاتی منڈیوں میں بھاری نقصانات دیکھے جا رہے ہیں۔
عالمی مالیاتی رپورٹس کے مطابق ایک مختصر دورانیے کے دوران امریکی اسٹاک مارکیٹ کی مجموعی مالیت میں سے تقریباً 1 کھرب ڈالر کا صفایا ہو گیا ہے، جبکہ اسی دوران کرپٹو مارکیٹ سے بھی 80 ارب ڈالر کا سرمایہ نکل چکا ہے۔
مارکیٹ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ فروخت کا سب سے زیادہ دباؤ ٹیکنالوجی اور اے آئی (AI) سے منسلک بڑی کمپنیوں کے حصص پر دیکھا جا رہا ہے۔ سیمی کنڈکٹر (چِپ) بنانے والی کمپنیوں کے حصص میں مسلسل گراوٹ اور معروف اے آئی کمپنی ’انتھروپک‘ کی اسٹاک مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوسرے روز سامنے آنے والے رجحانات نے ٹیک سیکٹر کی قدر کے ازسرِ نو تعین کو مزید ہوا دی ہے۔
معاشی ماہرین کے مطابق چند ہفتے قبل تک جس ’اے آئی بوم‘ کو ناقابلِ تسخیر سمجھا جا رہا تھا، اب مارکیٹیں اسے کہیں زیادہ غیر مستحکم اور نازک تصور کر رہی ہیں۔ شرح سود میں اضافے کے خدشات اور ٹیکنالوجی کمپنیوں کے منافع سے متعلق غیر یقینی صورتحال کے باعث سرمایہ کار محتاط رویہ اختیار کرتے ہوئے اپنے حصص تیزی سے فروخت کر رہے ہیں۔
امریکی اسٹاک مارکیٹ اور کرپٹو میں شدید مندی کا طوفان:AI کا بلبلہ پھٹ گیا، سرمایہ کاروں کے 1 کھرب ڈالر ڈوب گئے

