لندن :برطانیہ میں دو افراد پر ایک غیر ملکی خفیہ ادارے کے لیے کام کرنے اور فارفورڈ ایئر بیس کو ممکنہ طور پر نشانہ بنانے کی سازش سے متعلق الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ دونوں ملزمان نے لندن کی اولڈ بیلی عدالت میں ویڈیو لنک کے ذریعے پیش ہو کر اپنے خلاف عائد الزامات سے انکار کر دیا۔
فارفورڈ ایئر بیس، جو لندن کے مغرب میں واقع ہے، ماضی میں امریکی بمبار طیاروں کا اڈہ رہا ہے۔ ایران کے ساتھ جنگ کے دوران امریکی فضائیہ نے بھی اس اڈے کا استعمال کیا تھا۔
24 سالہ محمد عبدالكریم، جو اس وقت ضمانت پر ہیں، آج جمعے کے روز سماعت کے دوران وہیل چیئر پر عدالت میں پیش ہوئے۔ ان کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ان کے مؤکل کو بولنے میں دشواری کا سامنا ہے۔
استغاثہ کے مطابق عبدالكریم برطانیہ سے باہر موجود ’علی‘ نامی شخص کے ساتھ رابطے میں تھے اور انھیں 70 ہزار پاؤنڈ موصول ہوئے تھے۔ الزام ہے کہ انھوں نے وین گاڑیاں، پیٹرول اور دھاتی دانے (شریپنل کے طور پر استعمال کے لیے) خریدے اور کچھ افراد کو ایئر بیس کے قریب گاڑیاں منتقل کرنے کے لیے بھرتی کیا۔
25 سالہ نعمان اصغر پر بھی الزام ہے کہ انھوں نے فارفورڈ ایئر بیس کی ویڈیو ریکارڈنگ کی اور اسے لائیو ویڈیو کال کے ذریعے ’علی‘ نامی شخص کو بھیجا۔ دونوں ملزمان نے ان تمام الزامات کی تردید کی ہے۔
برطانوی انسدادِ دہشت گردی پولیس کا کہنا ہے کہ ان دونوں افراد کو ایران کی اسلامی انقلابی گارڈ کور (IRGC) نے بھرتی کیا تھا۔
تاہم ایران نے اس واقعے میں کسی بھی قسم کے ملوث ہونے کی تردید کرتے ہوئے ان الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔
فارفورڈ ایئر بیس کیس:پاسداران انقلاب ایران سے تعاون کے الزام میں دو برطانوی شہریوں پر فردِ جرم

