واشنگٹن / تہران :امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی خطرناک ترین مرحلے میں داخل ہو گئی ہے۔ بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق امریکی افواج نے خلیج فارس میں واقع ایران کے انتہائی اہم اور اسٹریٹجک جزیرے ’قشم‘ پر مبینہ طور پر فضائی حملے کیے ہیں، جن میں ایرانی پاسدارانِ انقلاب سے منسلک تنصیبات اور ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ حملے آبنائے ہرمز کے قریب واقع جزیرہ قشم پر موجود پاسدارانِ انقلاب کی پوزیشنز پر کیے گئے ہیں۔ تاہم، ابھی تک ان حملوں کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصان، ہلاکتوں یا نشانہ بنائے جانے والے مخصوص فوجی اثاثوں کی مکمل تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں۔
دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز کے بالکل دہانے پر واقع ہونے کی وجہ سے جزیرہ قشم خلیج فارس میں ایران کی فوجی اور بحری کارروائیوں کے لیے غیر معمولی اسٹریٹجک اہمیت کا حامل ہے۔ دنیا کی تیل کی ترسیل کے اس اہم ترین سمندری راستے کے قریب پاسدارانِ انقلاب کے مراکز پر امریکی کارروائی سے نہ صرف ایران کی عسکری صلاحیت متاثر ہو سکتی ہے بلکہ اس سے واشنگٹن اور تہران کے درمیان ایک بڑے اور براہِ راست تصادم کے خطرات میں بھی شدید اضافہ ہو گیا ہے۔
واقعے کے بعد خطے میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے جبکہ عالمی سطح پر تیل کی منڈیوں اور سفارتی حلقوں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔
جنگ کے شعلے پھربھڑک اٹھے، امریکا کے خلیج فارس میں ایران کے اسٹریٹجک جزیرے ’قشم‘ پر فضائی حملے، ایران کی عسکری تنصیبات تباہ

