ڈھاکہ:ویب ڈیسک | بے نقاب نیوز
بنگلہ دیش میں گزشتہ چھ روز کے دوران پرتشدد واقعات، آتش زنی، دیسی ساختہ بم دھماکوں، توڑ پھوڑ اور سڑکوں کی ناکہ بندی کے باعث صورتحال شدید کشیدہ ہو گئی ہے۔ 14 سے 19 نومبر کے درمیان ملک کے درجنوں اضلاع میں پھیلنے والے ان پرتشدد واقعات میں کم از کم چار افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو چکے ہیں۔رپورٹس کے مطابق یہ کشیدگی کالعدم عوامی لیگ کی جانب سے سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کو سزائے موت سنائے جانے کی پہلی برسی اور ان کی متوقع واپسی کی خبروں کے تناظر میں دی گئی احتجاجی کال اور ملک گیر لاک ڈاؤن کے دوران شدت اختیار کر گئی۔ ضلع نرائل میں ایک ریلی پر حملے کے دوران بی این پی سے وابستہ دو مقامی رہنما ہلاک ہوئے، جبکہ فرید پور اور گوپال گنج میں پیش آنے والے الگ الگ پرتشدد واقعات اور پیٹرول بم حملوں میں بھی ہلاکتیں ہوئیں۔ ضلع پیروج پور میں کھڑی بس کو آگ لگانے کے واقعے میں بس کے اندر سویا ہوا ہیلپر جھلس کر جاں بحق ہو گیا۔ شرپسندوں نے ڈھاکہ، باریسال، سلہٹ، فینی، کومیلا اور گوپال گنج میں مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں، ارکانِ پارلیمنٹ اور وزراء کے گھروں پر حملے کر کے توڑ پھوڑ کی اور آگ لگا دی۔ چٹاگانگ میں نوبل انعام یافتہ ڈاکٹر محمد یونس کے آبائی گھر کے ایک حصے کو بھی نذرِ آتش کرنے کی کوشش کی گئی۔ گرامین بینک انتظامیہ کے مطابق حالیہ دنوں میں ملک بھر میں اس کی 70 سے زائد شاخوں پر آتش زنی یا حملوں کی کوششیں کی گئیں، جس سے ریکارڈ اور فرنیچر جل کر خاکستر ہو گیا۔ اس کے علاوہ درجنوں مسافر بسوں، ٹرکوں اور پولیس کی گاڑیوں کو بھی آگ لگائی گئی۔
-
وزیر اعظم طارق رحمان نے جمہوری قوتوں سے اتحاد کی اپیل کرتے ہوئے ملک میں عدم استحکام پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا عزم ظاہر کیا ہے۔ امن و امان کی بحالی کے لیے دارالحکومت ڈھاکہ سمیت متاثرہ اضلاع میں اضافی سیکیورٹی اہلکار اور پیرا ملٹری دستے تعینات کر دیے گئے ہیں، جبکہ پولیس نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے ڈھاکہ سمیت مختلف علاقوں سے سو سے زائد مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔

