نیویارک (ویب ڈیسک)
امریکہ کے سب سے بڑے بینک ’جے پی مورگن چیز‘ (JPMorgan Chase) نے تصدیق کی ہے کہ اس کے تھرڈ پارٹی سروس فراہم کرنے والے اداروں پر ہونے والے ایک سائبر حملے کے نتیجے میں صارفین کی اہم معلومات تک رسائی حاصل کی گئی ہے۔
بینک کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ ہیکرز نے بینک کو خدمات فراہم کرنے والے بیرونی وینڈرز کے پاس موجود مارکیٹنگ ڈیٹا کو نشانہ بنایا۔ چوری ہونے والے ڈیٹا میں صارفین کے نام، ای میل ایڈریسز اور بعض صورتوں میں فون نمبرز شامل ہو سکتے ہیں۔
امریکی بینک نے واضح کیا ہے کہ اس سائبر حملے سے بینک کا اپنا بنیادی نظام، کریڈٹ کارڈ کی معلومات یا صارفین کے مالی اثاثے متاثر نہیں ہوئے اور بینکنگ سروسز معمول کے مطابق جاری ہیں۔ جے پی مورگن کے ترجمان کے مطابق متاثرہ صارفین سے براہِ راست رابطہ کیا جا رہا ہے اور انہیں ضروری سیکیورٹی معاونت فراہم کی جائے گی۔
دوسری جانب سائبر سیکیورٹی ذرائع اور عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق ’n0n‘ نامی ایک رینسم ویئر گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے جے پی مورگن سمیت ویزا اور ماسٹر کارڈ کے ہزاروں صارفین کا ڈیٹا حاصل کیا ہے، جس میں بینک کے انتہائی امیر صارفین (ریزرو کارڈ ہولڈرز) کے تقریباً 16 ہزار ای میل ایڈریسز اور بینک ملازمین کی تفصیلات بھی شامل بتائی جا رہی ہیں۔
تاہم بینک حکام نے ہیکرز کے ان مخصوص اعداد و شمار کی آزادانہ تصدیق نہیں کی اور واضح کیا ہے کہ رواں ہفتے کے آغاز میں بینکنگ سروسز میں آنے والا عارضی تعطل سافٹ ویئر کی خرابی کے باعث تھا، جس کا اس سائبر حملے سے کوئی تعلق نہیں۔

