کراچی (بے نقاب نیوز نیٹ ورک): پاکستان کی سمندری حدود میں تیل اور گیس کے ذخائر کی تلاش کے لیے ترکیہ کا جدید ترین سیسمک تحقیقی بحری جہاز ’اورُچ رئیس‘ (Oruç Reis) کراچی بندرگاہ پہنچ گیا ہے۔ یہ اہم پیش رفت پاکستان اور ترکیہ کے درمیان توانائی اور آف شور ایکسپلوریشن کے شعبے میں بڑھتے ہوئے اسٹریٹجک تعاون کی ایک کڑی ہے۔
وزارتِ پیٹرولیم کے حکام کے مطابق، یہ مشن دو اہم مراحل پر مشتمل ہوگا جس کے ذریعے سمندر کی تہہ میں موجود ہائیڈرو کاربن ذخائر کا تفصیلی ڈیٹا اکٹھا کیا جائے گا۔
پہلا مرحلہ: انڈس سی بلاک میں تھری ڈی سروے مشن کے پہلے مرحلے میں تحقیقی جہاز کراچی کے ساحل کے قریب واقع انڈس سی بلاک (Indus-C Block) میں تقریباً 670 مربع کلومیٹر رقبے پر تھری ڈی (3D) سیسمک سروے کرے گا۔ حکام کے مطابق سروے کے مقام پر پہنچنے کے بعد تکنیکی تیاریوں اور ڈیٹا اکٹھا کرنے کے عمل میں تقریباً 50 دن لگنے کی توقع ہے۔
دوسرا مرحلہ: مکران بلاکس میں ٹو ڈی سروے انڈس سی بلاک کا سروے مکمل کرنے کے بعد ’اورُچ رئیس‘ ایندھن اور رسد کے حصول کے لیے واپس کراچی پورٹ آئے گا، جس کے بعد یہ مکران بلاکس کا رخ کرے گا۔ وہاں 2,353 کلومیٹر طویل سروے لائنز پر ٹو ڈی (2D) سیسمک ڈیٹا اکٹھا کیا جائے گا، جس پر تقریباً 25 دن صرف ہوں گے۔
2027 میں آف شور ڈرلنگ کا ہدف وفاقی وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک کے مطابق، ان سرویز سے حاصل ہونے والے سائنسی ڈیٹا کے تفصیلی تجزیے کے بعد پاکستان 2027 کے اوائل میں باقاعدہ آف شور ڈرلنگ شروع کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اس منصوبے سے ملک میں توانائی کی خود کفالت کی راہ ہموار ہوگی۔
’اورُچ رئیس‘ کی خصوصیات 2017 میں ترکیہ میں تیار کیا جانے والا یہ 87 میٹر طویل جدید تحقیقی جہاز ٹو ڈی اور تھری ڈی سیسمک سروے، صوتی سروے، اور سمندر کی تہہ کی ارضیاتی تحقیق کے جدید ترین آلات سے لیس ہے۔ واضح رہے کہ صومالیہ کے سمندری علاقوں میں تیل و گیس کی تلاش کے کامیاب سروے کے بعد یہ ’اورُچ رئیس‘ کا دوسرا بڑا بین الاقوامی مشن ہے۔

