لاہور: انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی) پنجاب عبدالکریم نے سنٹرل پولیس آفس میں پولیس ملازمین اور ان کے اہلخانہ سے ملاقات کی، ان کے پیشہ ورانہ و ذاتی مسائل سنے اور فوری ریلیف کی فراہمی کے لیے متعلقہ افسران کو احکامات جاری کیے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ملاقات کے دوران آئی جی پنجاب عبدالکریم نے شہید کانسٹیبل محمد صدام کے والد کی مالی امداد کی درخواست اور ہیڈ کانسٹیبل طارق اقبال کی طبی مالی امداد کی درخواست پر ڈی آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس کو ضروری کارروائی کی ہدایات جاری کیں۔ اسی طرح کانسٹیبل وقار عظیم کے بیٹے کے سماعت کے علاج معالجے کے لیے مالی امداد کی درخواست پر بھی ڈی آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس کو فوری ریلیف فراہم کرنے کا حکم دیا گیا۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ مرحوم اے ایس آئی محمد عادل حسین کے بیٹے کی محکمہ پولیس میں بھرتی کی درخواست پر بھی ڈی آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس کو ہدایات جاری کی گئیں، جبکہ تین ٹریفک وارڈنز کی پروموشن سے متعلق درخواستوں اور انسپکٹر شہزاد امین کی تبادلہ منسوخی کی درخواست پر ایڈیشنل آئی جی پنجاب کو معاملات زیرِ غور لانے کی ہدایت کی گئی۔
مزید برآں جونیئر کلرک محمد شاہ زیب کی تبادلے سے متعلق درخواست پر اے آئی جی ایڈمن اینڈ سیکیورٹی کو ریلیف فراہم کرنے کا حکم دیا گیا۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے ڈسپلن، ایڈمنسٹریشن، پروموشن اور ویلفیئر سے متعلق دیگر درخواستوں پر بھی موقع پر احکامات جاری کرتے ہوئے افسران کو ہدایت کی کہ فورس اور ان کے اہلخانہ کے مسائل کے حل میں کسی قسم کی تاخیر نہ برتی جائے۔
پولیس فورس اور شہداء کے اہلخانہ کی فلاح اولین ترجیح؛ آئی جی پنجاب عبدالکریم کی ملازمین اور فیملیز سے ملاقات

