واشنگٹن (ویب ڈیسک)
معروف امریکی سوشل میڈیا اسٹار اور سماجی کارکن پیرس ہلٹن نے مصنوعی ذہانت (AI) کے خطرناک اور غیر اخلاقی استعمال سے پردہ اٹھاتے ہوئے حیرت انگیز انکشاف کیا ہے کہ امریکی کانگریس کی 83 خاتون اراکین کی جعلی اور غیر اخلاقی ڈیپ فیک (Deepfake) تصاویر انٹرنیٹ پر موجود ہیں۔
واشنگٹن میں امریکی اراکینِ کانگریس الیگزینڈریا اوکاسیو کورٹیز اور لوریل لی کے ہمراہ ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پیرس ہلٹن نے ڈیجیٹل ہراسانی کے بڑھتے ہوئے رجحان پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب ملک کی طاقتور ترین قانون ساز خواتین اس ڈیجیٹل تشدد سے محفوظ نہیں ہیں، تو عام خواتین اور کم عمر بچیوں کے تحفظ کا اندازہ بخوبی لگایا جا سکتا ہے۔
پیرس ہلٹن نے مزید کہا کہ ڈیپ فیک ٹیکنالوجی کے ذریعے خواتین کی کردار کشی اور انہیں بلیک میل کرنے کا سلسلہ سنگین صورتحال اختیار کر چکا ہے، جس کے باعث متاثرہ خواتین شدید ذہنی دباؤ اور سماجی مسائل کا شکار ہو رہی ہیں۔ انہوں نے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے خبردار کیا کہ آج ہر 8 میں سے ایک نوجوان کسی نہ کسی ایسے دوست کو جانتا ہے جو اے آئی ڈیپ فیک ہراسانی کا نشانہ بن چکا ہے۔
اس موقع پر پیرس ہلٹن اور امریکی قانون سازوں نے کانگریس سے مطالبہ کیا کہ وہ ڈیفائنس ایکٹ (DEFIANCE Act) کو فوری طور پر منظور کرے۔ اس مجوزہ قانون کے تحت بغیر اجازت ڈیپ فیک فحش مواد تیار کرنے یا پھیلانے والے عناصر کے خلاف متاثرین کو براہِ راست قانونی چارہ جوئی اور ہرجانے کا حق حاصل ہو جائے گا۔


