پسرور (محمد اشفاق بے نقاب نیوز )
پسرور کی مشہور و معروف سبزی منڈی کے ساتھ واقع تاریخی دروازہ، جو مغلیہ دور میں شہر کا مرکزی داخلی دروازہ (مین انٹرنس) ہوا کرتا تھا، طویل عرصے سے ناجائز تجاوزات کی زد میں تھا۔ منڈی کے کچھ تاجروں نے روڈ پر قبضہ کر رکھا تھا، جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا اور ویڈیو میں بھی اس صورتحال کا مشاہدہ کیا جا سکتا ہے۔عوام کی شکایات پر فوری ایکشن لیتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر پسرور ثناء شرافت نے ٹی ایم اے (TMA) کے عملے اور دیگر متعلقہ اداروں کے ہمراہ ایک بڑا آپریشن کیا اور ناجائز قبضہ مافیا کو یہاں سے مکمل طور پر ہٹا کر روڈ کو بحال کر دیا۔واضح رہے کہ یہ تاریخی مقام "شاہ ببن دروازہ” کہلاتا ہے، جو مغلیہ دور میں شہر کا اہم دروازہ ہونے کے ساتھ ساتھ سبزی منڈی اور غلام منڈی کو آپس میں ملاتا ہے۔ اسی تاریخی راستے سے گزر کر شہری ریلوے اسٹیشن تک بھی جایا کرتے تھے۔
اسسٹنٹ کمشنر پسرور ثناء شرافت کی اس جرات مندانہ اور بروقت کارروائی پر شہریوں، تاجروں اور سماجی حلقوں نے بھرپور خراج تحسین پیش کیا ہے، جس سے اس تاریخی ورثے کی اصل شکل بحال ہونے کے ساتھ ساتھ ٹریفک کی روانی بھی بہتر ہو گئی ہے۔
پسرور: اسسٹنٹ کمشنر کی شاندار کارروائی، تاریخی شاہ ببن دروازہ تجاوزات سے آزاد


