سینئر وزیر مریم اورنگ زیب کی زیرِ قیادت محکمہ جنگلی حیات صوبہ میں جنگلی حیات کے تحفظ و فروغ کے لئے پوری تندہی سے سرگرم عمل ہے اور اسی تناظر میں محکمہ نے ضلع نارووال میں نایاب انڈین راک پائتھن کو مارنے کی پاداش میں ملزم کیخلاف ایف آئی آر درج کراکر قانونی چارہ جوئی شروع کر دی ہے۔
تفصیل کے مطابق اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر نارووال حنفیہ یوسف نے ایک اطلاع پرکہ بعض افراد نے تحصیل نارووال کے گاؤں خان خاصہ میں ایک غیر زہریلے بہت بڑے سانپ کو مارکر اسکی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کررکھی ہے جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے مکمل تحقیقات کے بعد 2 ملزمان کی شناخت کرکے ان کے خلاف تھانہ صدر نارووال میں وائلڈ لائف ایکٹ کی خلاف ورزی کا مرتکب ہونے پر باقاعدہ ایف آئی آر درج کرادی گئی۔ یاد رہے کہ انڈین راک پائتھن برصغیر پاک و ہند کا ایک بڑا طاقتور غیر زہریلہ سانپ ہے جو اپنے شکار کو زہر کے ذریعے نہیں بلکہ طاقت کے بل بوتے پر بل کھاکرقابو کرتا ہے،اسکی لمبائی 2 سے 4 میٹر تک ہو سکتی ہے،اس کا رنگ بھورا زردی مائل سرمئی ہے جس پر گہرے بھورے اور نقش نگار کی قطاریں ہوتی ہیں، یہ چوہے،خرگوش،پرندے اور چھوٹے ممالیہ کھانا ہے،یہ جنوبی ایشیا میں پاکستان،بھارت،نیپال،بھوٹان،بنگلہ دیش اور سری لنکا میں پایا جاتاہے،پاکستان خصوصاً پنجاب اور سندھ میں یہ دریائی جنگلات،دریائی کناروں،جھاڑی دار جنگلات،گھاس کے میدان،زرعی و دلدلی علاقوں،چٹانی اور نیم جنگلاتی علاقوں میں پایا جاتاہے،یہ قدرتی ماحول اور غذائی زنجیر میں اہم کردار ادا کر تاہے،چوہوں کی قدرتی افزائش کو کنٹرول کرتا ہے، انٹرنیشنل یونین فار کنزرویشن آف نیچر کے مطابق اسکی بادی معدومی کے خطرے کے قریب ہے جس کے اسباب میں قدرتی مساکن کی تباہی اور زرعی زمینوں میں تبدیلی،جنگلات کی کٹائی،جھاڑیوں کا خاتمہ اور غیر قانونی شکار اور اسکی جلد کی تجارت ہے نیز خوف اور غلط فہمی کی بناء پر بھی انسان کے ہا تھوں اسکی ہلاکت ہو رہی ہے۔

