اسلام آباد:فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) اسلام آباد زون میں انتظامی سطح پر بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کی گئی ہے، جس کے تحت مجموعی طور پر 30 افسران اور اہلکاروں کو فوری طور پر تبدیل کر کے ان کی نئی تعیناتیوں کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد زون کی جانب سے 5 نومبر کو ان تبادلوں کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا گیا، جس میں واضح کیا گیا ہے کہ تمام احکامات پر فوری طور پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔
اس بڑے پیمانے کے انتظامی ردوبدل میں اسلام آباد اور راولپنڈی کے اہم شعبوں خصوصاً امیگریشن اور اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل (AHTC) پر خاص توجہ دی گئی ہے۔
ڈاکٹر سائرہ ظفر کو اے ایچ ٹی سی (AHTC) اسلام آباد جبکہ وسیم عباس کو اے ایچ ٹی سی راولپنڈی میں تعینات کر دیا گیا ہے۔
تبادلہ کیے جانے والے 30 اہلکاروں میں دو اسسٹنٹ ڈائریکٹرز، 16 اسسٹنٹ سب انسپکٹرز (ASIs)، اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے دیگر اہلکار شامل ہیں۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق اس اقدام کا بنیادی مقصد اسلام آباد اور راولپنڈی زون میں کارکردگی کو مزید بہتر بنانا، زیر التوا کیسز کو تیزی سے نمٹانا اور انسانی اسمگلنگ سمیت دیگر جرائم کے خلاف کارروائیوں کو زیادہ موثر بنانا ہے۔
ایف آئی اے اسلام آباد زون میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ: 30 افسران کے فوری تبادلے



