سکھر(رپورٹ/عبد الرحمان راجپوت)
صوبائی محتسب سندھ کے ریجنل آفس سکھر کے زیراہتمام گورنمینٹ ایلیمنٹری کالج آف ایجوکیشن فار وومن، بیراج کالونی سکھر میں خواتین کو کام کی جگہ پر ہراسانی سے تحفظ، قانونی حقوق اور شکایات کے ازالے کے حوالے سے آگاہی سیمینار منعقد کیا گیا۔ سیمینار کی صدارت صوبائی محتسب سندھ کے کنسلٹنٹ اور سابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد اقبال آرائیں نے کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کام کی جگہ پر خواتین کو ہراسانی سے تحفظ کے ایکٹ 2010ء (ترمیم شدہ) کے اہم دفعات، ہراسانی کی قانونی تعریف، ملازمین اور اداروں کی ذمہ داریوں اور شکایت درج کرانے کے طریقہ کار کے بارے میں تفصیلی آگاہی فراہم کی۔ انہوں نے کہا کہ ہراسانی کے کسی بھی واقعے کی صورت میں متاثرہ خواتین کو بغیر کسی خوف اور ہچکچاہٹ کے متعلقہ فورم سے رابطہ کرکے قانونی تحفظ اور دادری حاصل کرنی چاہیے۔ کالج کے پرنسپل حبیب اللہ تھیم نے صوبائی محتسب سندھ کی ٹیم کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ایسے آگاہی سیمینار تعلیمی اداروں میں باہمی احترام، برابری اور خواتین کے لیے ایک محفوظ اور باوقار ماحول کے قیام میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اس موقع پر سید منظور حسین شاہ نے صوبائی محتسب سندھ کے ادارے کے تنظیمی ڈھانچے، دائرہ اختیار، مقاصد اور ذمہ داریوں کے بارے میں شرکاء کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ یہ ادارہ کام کی جگہ پر ہراسانی سے متعلق شکایات کے ازالے کے لیے قانون کے تحت ایک مؤثر فورم فراہم کرتا ہے۔ سیمینار میں سوال و جواب کی نشست بھی ہوئی، جس دوران شرکاء نے قانونی تحفظ، شکایات کے اندراج اور ازالے سے متعلق مختلف سوالات کیے، جن کے تفصیلی جوابات دیے گئے۔ تقریب کے اختتام پر پرنسپل حبیب اللہ تھیم کو صوبائی محتسب سندھ کی جانب سے اعزازی شیلڈ بھی پیش کی گئی۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنے اداروں میں باہمی احترام، برابری، انسانی وقار اور ہراسانی سے پاک محفوظ ماحول کے فروغ کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔

