ڈھڈیال —منور حسین بے نقاب نیوز
تحصیل چوآ سیدن شاہ کے علاقہ بشارت گاؤں (چندو روڈ) کے قریب دو تیز رفتار موٹر سائیکلوں کے درمیان ہولناک تصادم کے نتیجے میں تین افراد شدید زخمی ہو گئے ہیں۔ ریسکیو 1122 کی ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تمام زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ہسپتال منتقل کر دیا۔تفصیلات کے مطابق ریسکیو کمانڈ اینڈ کنٹرول روم چکوال کو موصول ہونے والی اطلاع پر فوری ردعمل ظاہر کرتے ہوئے سب اسٹیشن چوآ سیدن شاہ سے دو ایمبولینسز جائے حادثہ کے لیے روانہ کی گئیں۔ ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیا اور تمام متاثرہ افراد کو فوری طور پر ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد مزید علاج کے لیے تحصیل ہیڈ کوارٹر (ٹی ایچ کیو) ہسپتال چوآ سیدن شاہ منتقل کر دیا۔حادثے میں زخمی ہونے والوں کی تفصیلات:ارسلان حیات (عمر 29 سال): جن کی دائیں ران کی ہڈی (فیمر) میں فریکچر اور ناک سے خون بہنے کی شکایت تھی۔فخر (عمر 22 سال، ساکن آڑہ): جن کے دائیں ٹخنے کے جوڑ پر گہرا زخم آیا اور جوڑ اترنے کا شبہ ظاہر کیا گیا۔محمد فیاض (عمر 47 سال، ولد محبوب خان): جن کے دائیں پاؤں اور چہرے پر گہرے زخم آئے۔ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ٹیموں کے بروقت رسپانس کی وجہ سے زخمیوں کو بروقت طبی امداد مل سکی، جس سے کسی بڑے جانی نقصان سے بچاؤ ممکن ہو گیا۔


