ملتان (رپورٹ: ملک جابر عبّاس سے)
بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کی 150ویں سالگرہ کی تقریبات کے سلسلے میں 4 نومبر 2026ء کو گورنمنٹ گریجویٹ کالج آف سائنس ملتان میں ضلع سطح کے اردو تقریری مقابلے کا انعقاد کیا گیا، جس میں ضلع ملتان کے مختلف کالجز سے طلبہ و طالبات نے بھرپور شرکت کی۔مقابلے میں گورنمنٹ ملت گریجویٹ کالج ملتان کے ہونہار طالب علم مہد فرید نے شاندار صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے ضلع بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی اور اپنے ادارے کا نام روشن کیا۔ مقابلے میں دوسری پوزیشن گورنمنٹ گریجویٹ کالج آف سائنس ملتان جبکہ تیسری پوزیشن گورنمنٹ ولایت حسین اسلامیہ گریجویٹ کالج ملتان کے طالب علموں نے حاصل کی۔پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علم مہد فرید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی کالج کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر مخدوم ابوالحسن ہاشمی اور اساتذہ کرام کی سرپرستی، حوصلہ افزائی اور رہنمائی کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کالج انتظامیہ تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ادبی و ہم نصابی سرگرمیوں کی بھی بھرپور حوصلہ افزائی کرتی ہے۔ پرنسپل کی خصوصی توجہ اور اساتذہ کی محنت کے باعث گورنمنٹ ملت گریجویٹ کالج ملتان کے طلبہ ڈویژنل اور مرکزی سطح پر مختلف ادبی مقابلوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کرتے رہے ہیں۔مہد فرید کی اس شاندار کامیابی پر کالج کے اساتذہ، طلبہ اور تعلیمی حلقوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی اور مستقبل میں مزید کامیابیوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

