سیالکوٹ (بیورو رپورٹ ۔سلیم احمد اعوان شیخو )
پاکستان میں تعینات ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر عمر حسین اوبا نے اپنی ٹیم کے ہمراہ سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا سرکاری دورہ کیا، اجلاس میں پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سفیر کی آمد پر سنیئر نائب صدر اسد نصیر ملک اور چیمبر کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین نے پھولوں کا گلدستہ پیش کر کے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اجلاس میں ہوزری ایسوسی ایشن کے نوید افضل، لیدر گارمنٹس کے محمد علی، سیکرٹری چیمبر ملک طارق، ڈپٹی سیکرٹری احمر خان، اور دیگر بزنس کمیونٹی، ایکسپورٹرز موجود تھے۔
تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عمر حسین اوبا نے سیالکوٹ کی مضبوط اور پائیدار صنعتی اور معیاری مصنوعات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان اقتصادی تعاون کے فروغ کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایتھوپیا غیر ملکی سرمایہ کاروں، خصوصاً پاکستانی کاروباری شخصیات کیلئے نہایت سازگار ماحول فراہم کر رہا ہے۔ ان کے مطابق ملک کی بڑی آبادی، ہنر مند افرادی قوت، کم لاگت گرین توانائی کے وسائل اور اہم علاقائی روابط سرمایہ کاری کیلئے انتہائی موزوں ہیں۔سفیر نے کہا کہ ”ہوم گرون اکنامک ریفارمز“ کے تحت متعارف کرائی گئی مراعات اور ٹیکس چھوٹ نے سرمایہ کار دوست ماحول کو مزید مستحکم کیا ہے، جس سے معاشی چیلنجز پر قابو پانے، پیداواری صلاحیت بڑھانے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں مدد ملی ہے۔ انہوں نے پاکستانی سرمایہ کاروں کو ایتھوپیا میں موجود مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دیتے ہوئے زراعت، زرعی مصنوعات کی پراسیسنگ، مینوفیکچرنگ، کان کنی، فارما سوٹیکل، سیاحت اور انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کو سرمایہ کاری اور تعاون کیلئے اہم شعبے قرار دیا۔اس موقع پر اسد نصیر ملک نے سفیر کے دورے پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سیالکوٹ کی صنعتی مہارت پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان کاروباری روابط کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ تقریب کے آخر میں اسد نصیر ملک کو یادگار شیلڈ پیش کی گئی۔



