راولپنڈی :پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چینی کمیونسٹ پارٹی کے بین الاقوامی شعبے کے وزیر لیو ہائی شنگ نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا جہاں انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔ اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی و عالمی سلامتی کی بدلتی ہوئی صورتحال اور دوطرفہ سیکیورٹی و اسٹریٹجک تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاک چین تاریخی دوستانہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اعلیٰ سطح کے روابط اور ادارہ جاتی تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔ چینی مہمان نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کاوشوں کی تعریف کی اور دونوں ممالک کے درمیان ہر موسم کی آزمودہ اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے مشترکہ عزم کا اظہار کیا۔
فیلڈ مارشل سے چینی وزیر کی ملاقات، سٹریٹجک شراکت داری مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ

