جھڈو (رپورٹ / قیصر راجہ راجپوت): جمڑاؤ کینال کی بگی مائنر میں گزشتہ چار سال سے جاری مبینہ غیر قانونی اور غیر آئینی وارابندی تاحال ختم نہیں کی جا سکی، جس کے باعث آبادگاروں کی قیمتی زرعی زمینیں بنجر ہونے لگی ہیں۔ گندم، برسین، کلونجی، اسپغول سمیت دیگر فصلوں کی کاشت کے لیے تیار کی گئی زمینوں پر خودرو جھاڑیاں اگنے لگی ہیں، جبکہ پیاز، ٹماٹر اور مرچ کی کھڑی فصلیں پانی نہ ملنے کے باعث سوکھ کر تباہ ہو رہی ہیں۔ان خیالات کا اظہار ٹیل آبادگار ایسوسی ایشن نارا کینال بگی مائنر کے رہنماؤں ایاز کھوسو، عبدالستار قائم خانی، اظہار آرائیں، وسیم کھوسو، جانی کمبوہ، اسماعیل مغیری اور نور محمد کھوسو نے جھڈو میں صحافیوں کو جاری کردہ ایک مشترکہ پریس بیان میں کیا۔رہنماؤں نے بتایا کہ گزشتہ تین چار سال سے جمڑاؤ کینال کی مرکزی ٹیل کی شاخ بگی مائنر کا پانی مکمل بند ہے۔ تورئی، وڈیف اور دیگر فصلوں کی کاشت کا وقت گزر چکا ہے مگر آبادگاروں کو ایک قطرہ بھی فراہم نہیں کیا گیا۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ گندم، کلونجی، اسپغول، برسین اور سبزیوں کی کاشت کے لیے آبادگاروں نے بھاری قرضے لے کر زمینیں تیار کروائیں، لیکن اب ایکسین جمڑاؤ کینال نے بھی پانی فراہم کرنے سے صاف جواب دے دیا ہے۔انہوں نے شدید الزام عائد کیا کہ نہروں کا پانی غیر قانونی طور پر سیم نالوں اور پران میں چھوڑا جا رہا ہے، لیکن بگی مائنر کو پانی فراہم کرنے میں جان بوجھ کر غفلت برتی جا رہی ہے۔ ایک ایسے وقت میں جب ملک کو پہلے ہی گندم کی شدید قلت کا سامنا ہے اور تھرپارکر، اچھڑو تھر، کاچھو اور کوہستان کے علاقوں میں تاریخ کی بدترین خشک سالی جیسی صورتحال پیدا ہو چکی ہے، بیراجی علاقوں کو زیادہ سے زیادہ پانی فراہم کیا جانا چاہیے تاکہ اناج، چارے اور سبزیوں کی ممکنہ قلت پر قابو پایا جا سکے۔آبادگار رہنماؤں نے محکمہ آبپاشی کے مبینہ کرپٹ افسران کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ وہ عملی اقدامات کرنے کے بجائے صرف جھوٹے وعدوں اور کھوکھلی یقین دہانیوں سے کسانوں کو بیوقوف بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ آبادگار رہنماؤں نے الٹی میٹم دیتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر ایک ہفتے کے اندر کوٹ غلام محمد سب ڈویژن کی غیر قانونی وارابندی ختم کرکے بگی مائنر کی ٹیل تک باقاعدگی سے پانی فراہم نہ کیا گیا تو آبادگاروں، ہاریوں اور شہریوں کی جانب سے سخت احتجاج کیا جائے گا، جس کی تمام تر ذمہ داری ڈائریکٹر نارا کینال اور ایکسین جمڑاؤ کینال پر عائد ہوگی۔
جمڑاؤ کینال بگی مائنر پر چار سالہ غیر قانونی وارابندی ختم نہ ہو سکی، زرعی زمینیں بنجر ہونے لگیں

